ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر: بچہ چوری کے الزام میں پانچ لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل

مہاراشٹر: بچہ چوری کے الزام میں پانچ لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل

Sun, 01 Jul 2018 22:50:02    S.O. News Service

ممبئی،یکم جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹر کے دھلے میں بچہ چوری کے الزام میں گاوں والوں نے پانچ لوگوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کرڈالا۔ معاملے میں پولیس نے کچھ گاوں والوں کوحراست میں لیا ہے۔ یہ حادثہ دھلے کے ساکری تالکا کا ہے۔

گاوں والوں نے شک کی بنیاد پرپانچ نامعلوم لوگوں کو گھیر لیا اور پھر پنچایت بھون میں بند کرکے جان نکلنے تک پیٹا۔ واقعہ کے بعد سے ضلع میں دہشت کا ماحول ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتواردوپہرکو ساڑھے 12 بجے سے ایک بجے کے درمیان گاوں والوں کے پاس واٹس ایپ میسیج سےافواہ پھیلی کہ بچوں کو سنبھال کررکھیں، کچھ لوگ بچہ چوری کرنے کے لئے گھوم رہے ہیں۔

اس کے تھوڑی دیر بعد گاوں کے پاس پانچ انجان لوگ دکھائی دیئے۔ اس پر گاوں والوں نے بغیر کوئی پوچھ گچھ کئے ان پر حملہ بول دیا۔ پانچ لوگوں کو پنچایت بھون کے ایک کمرے میں لے جاکر گاوں والوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے جم کر پیٹا۔

واضح رہے گزشتہ کچھ دنوں میں واٹس اپ میسیج کی افواہوں کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں لوگوں کو مار ڈالنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جھارکھنڈ، تری پورہ اور اترپردیش میں بھی افواہوں کے سبب بھیڑ نے کئی لوگوں کی جان لے لی۔ فرضی واٹس اپ میسیج کے سبب ایک سال میں 29 لوگوں کا قتل کیا جاچکا ہے۔ محض شک کی بنیاد پر بھیڑ نے 29 لوگوں کو مار دیا۔

بچہ چوری کے میسیج جنگل میں لگی آگ کی طرح جھارکھنڈ سے تمل ناڈو اور آسام سے گجرات تک پھیل رہے ہیں۔ ہر ریاست میں اس میسیج نے مقامی لوگوں کو دوسری ریاستوں کے لوگوں کے خلاف بھڑکا دیا۔


Share: